پردیس
گزشتہ جمعے جب میری طبیعت خراب ہوئی تو پردیس کی ایک حقیقت پہلی بار اس شدت سے سمجھ آئی۔ دوا مل جاتی ہے، علاج کا انتظام بھی ہو جاتا ہے، اور کچھ اچھے لوگ مدد کرنے والے بھی ہوتے ہیں۔ مگر گھر میں ماں چہرہ دیکھ کر پوچھ لیتی ہے: ’’پتر، طبیعت ٹھیک نہیں؟‘‘ یہاں کسی کو اپنی تکلیف بتانے کے لیے بھی پہلے فون اٹھانا پڑتا ہے۔ اس ایک ہفتے میں بیماری سے زیادہ کبھی کبھی کمرے کی خاموشی محسوس ہوئی۔
پردیس کی بات ہو تو کوئی صاف سڑکوں کا ذکر کرتا ہے، کوئی خوبصورت عمارتوں اور پارکوں کا۔ مگر انہیں یہاں رہنے والے آدمی کی پوری زندگی سمجھ لینا غلط ہے۔ پاکستان میں بیٹھا دوست کسی پردیسی کی تصویر دیکھتا ہے، پیچھے روشن بازار ہوتا ہے، فوراً کہتا ہے، ’’یارررر، تمہاری تو موجیں لگی ہوئی ہیں!‘‘
اسے کون بتائے کہ یہ شاید پورے مہینے کی واحد چھٹی پر کھینچی گئی تصویر ہے۔ باقی دنوں کی مشقت اور بھوک کی کوئی تصویر نہیں۔ ہم دوسروں کے چند اچھے لمحوں کو ان کی پوری زندگی سمجھ کر اپنی زندگی سے موازنہ کرنے لگتے ہیں۔ سوچتے ہیں، اصل مزے تو وہ کر رہے ہیں، ہمارے حصے میں صرف پریشانیاں ہیں۔
پھر اللہ کا شکر بھی بھول جاتے ہیں۔ اپنوں کے ساتھ رہنا بھی ایک نعمت ہے۔ بہتر روزگار اور اچھے مستقبل کی کوشش ضرور ہونی چاہیے، مگر کسی کی ایک تصویر دیکھ کر اپنے نصیب کو حقیر کیوں سمجھیں؟ ہر زندگی کی اپنی آزمائش ہے۔ جس شخص پر ہم رشک کر رہے ہیں، ہو سکتا ہے وہ اسی وقت ہمارے گھر والوں کے پاس ہونے پر رشک کر رہا ہو۔
جہاز کا سفر بھی دیکھنے والے کو بڑا دلچسپ لگتا ہے۔ لوگ کہتے ہیں، ’’تم تو جہازوں میں گھومتے رہتے ہو!‘‘ لیکن چند دنوں کی سیر اور روزگار کے لیے برسوں گھر چھوڑ دینا ایک بات نہیں۔ سیر پر جانے والا چند روز بعد گھر لوٹ آتا ہے، مگر روزگار کے لیے نکلنے والا برسوں واپسی کی راہ دیکھتا ہے۔ جہاز وہی ہوتا ہے، مگر ایک کے لیے تفریح اور دوسرے کے لیے اپنوں سے جدائی کا سفر۔
آئیے، اب ان دنوں کی بات کرتے ہیں جن کی تصویریں کہیں نہیں ملتیں۔
ایک لڑکا رات کو تھکا ہوا سویا، صبح آنکھ دیر سے کھلی تو ناشتے کا وقت نہیں بچا۔ خالی پیٹ کام پر نکل گیا۔ آٹھ، دس، کبھی بارہ گھنٹے بعد واپس آیا تو کھانا بھی خود بنانا ہے، برتن بھی دھونے ہیں۔ کبھی تھکن اتنی ہوتی ہے کہ پانی پی کر سو جاتا ہے۔ یہی لڑکا گھر میں ٹھنڈا سالن ملنے پر ناراض ہو جاتا تھا، اب بھوکا رہ کر بھی شکایت نہیں کرتا۔
کوئی شدید گرمی میں مزدوری کرتا ہے، کوئی سامان پہنچاتا ہے، کوئی گرم باورچی خانے میں کھڑا رہتا ہے۔ یورپ یا امریکہ کے شہروں میں زندگی اتنی تیز ہے کہ لوگ اپنے کام اور ذمہ داریوں میں مصروف رہتے ہیں۔ اور اپنے محلے یا شہر جیسی بے تکلفی کسی سے نہیں ہوتی۔ بیماری میں ساتھ والے کو بھی خبر نہیں ہوتی۔
ہمارے ہاں لوگ فخر سے کہتے ہیں، ’’ہمارا پتر تو باہر ہوتا ہے۔‘‘ مجھے اس فخر سے اعتراض نہیں، لیکن اس کی کمائی تو سب کو دکھائی دیتی ہے، اس کے پیچھے گزرتی جوانی کیوں نہیں؟ پیسوں کا حساب رکھتے ہیں، دوری میں گزارے دنوں کا نہیں۔
اور پردیسی اپنی تکلیف گھر والوں کو پوری بتا بھی نہیں سکتا۔ ماں سے کہے کہ بخار تھا، کھانا نہیں کھایا، پھر بھی کام پر گیا، تو جواب آئے گا: ’’پتر، اتنی تکلیف ہے تو واپس آ جا۔‘‘ مگر ذمہ داریاں اسے کہاں جانے دیتی ہیں؟ سو اگلی بار ماں پوچھتی ہے تو کہتا ہے: ’’الحمدللہ، بالکل ٹھیک ہوں۔‘‘ ماں مطمئن ہو جاتی ہے۔
اور دوستوں کی طرف سے شکوہ آتا ہے کہ فون کیوں نہیں اٹھاتے۔ شکایت میں محبت ہوتی ہے، مگر ممکن ہے وہ تھکن سے سو گیا ہو۔ یارووو، ہر خاموشی بے رخی نہیں ہوتی۔
پردیس آتے ہوئے سوچا جاتا ہے، دو چار سال میں لوٹ جائیں گے۔ پھر ایک ذمہ داری کے بعد دوسری آ جاتی ہے: گھر، بہن بھائی، بچوں کی تعلیم۔ شوق سے شروع ہونے والی کمائی کب ضرورت بن جاتی ہے، معلوم ہی نہیں ہوتا۔
شام کو کام سے واپس آتے ہوئے گھر کی یاد زیادہ آتی ہے۔ لوگ گھروں کو جا رہے ہوتے ہیں، اور آپ ایسے کمرے کی طرف جہاں کوئی منتظر نہیں۔ امید فاضلی کا شعر ہے:
برسوں بعد وطن لوٹ کر بھی ایک عجیب احساس ہوتا ہے۔ گھر اور لوگ وہی، مگر کپڑے الماری کے بجائے سوٹ کیس میں رہتے ہیں۔ سب پسند کے کھانے بناتے ہیں، محبت کرتے ہیں۔ چند دن بعد سوٹ کیس پھر بند کرنا پڑتا ہے۔ جس گھر میں مہمان آتے دیکھے تھے، اب خود اس ہی گھر کے مہمان بن جاتے ہیں۔
مولانا رومی نے مثنوی میں لکھا ہے:
یعنی جو اپنی اصل سے دور ہوتا ہے، دوبارہ اس سے ملنے کا زمانہ ڈھونڈتا ہے۔ رومی کی بات کا مفہوم وسیع ہے، مگر پردیسی کو اس میں ماں کی آواز، والد کے ساتھ چائے اور بہن بھائیوں کی ہنسی بھی سنائی دیتی ہے۔
اپنوں کے لیے برسوں محنت کرنے والا احسان نہیں منوانا چاہتا۔ لیکن جب کوئی کہتا ہے: ’’تم نے کون سا احسان کیا، ہم نے بھی محنت کی ہے‘‘ تو دل دکھتا ہے۔ گھر میں رہ کر محنت کرنے والوں کی مشکلات بھی اپنی جگہ ہیں۔ فرق یہ ہے کہ ایک تھک کر گھر لوٹتا ہے، دوسرا ہزاروں میل دور ہے۔ کبھی کسی عزیز کی شادی میں نہیں پہنچ سکتا، کبھی کسی عزیز کے جنازے میں بھی نہیں۔
اس لیے پردیسی کی قدر صرف پیسے یا تحائف کی وجہ سے نہ کیجیے۔ کبھی بغیر ضرورت بھی خیریت پوچھ لیجیے۔
بیماری کے اس ہفتے نے مجھے سمجھایا کہ انسان پردیس میں کھانا پکانا، کپڑے دھونا، اپنا خیال رکھنا سیکھ لیتا ہے۔ مگر تکلیف میں کسی اپنے کو آواز دیے بغیر رہنا شاید کبھی نہیں سیکھ پاتا۔
اگلی بار کسی پردیسی سے بات ہو تو یہ پوچھنے سے پہلے کہ کتنا کمایا، پوچھ لیجیے: ’’تم گھر سے اتنا دور، وہ بھی اکیلے، کیسے رہ لیتے ہو؟‘‘
ممکن ہے وہ مسکرا کر کہے: ’’بس یاررر، رہ لیتے ہیں۔‘‘
کیونکہ جس گھر کو پریشانیوں سے بچانے کے لیے وہ ہزاروں میل دور گیا تھا، اسی گھر کو اپنی پریشانیاں سنا کر اداس کیسے کر سکتا ہے؟
میر حسنؔ

تبصرے
Leave a comment
Sign in with Blogger to share your thoughts.
ایک تبصرہ شائع کریں